
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی تین کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی تین کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
بیان کے مطابق ضلع نوشکی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اسی طرح ضلع خضدار میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔















