بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

وزیر خزانہ سےعالمی بینک کے نمائندوں کی ملاقات، اقتصادی اصلاحات پر تبادلہ خیال

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اسلام آباد میں مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے لیے خوشحالی کے شعبے کے علاقائی ڈائریکٹر سندیپ مہاجن سمیت عالمی بینک کے نمائندوں نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے سے متعلق امور، استحکام سے پائیدار ترقی کی طرف منتقلی، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پائیدار اقتصادی پیشرفت کے لیے پالیسی کے تسلسل کو ایک اہم ضرورت قرار دیا گیا۔

وزیر خزانہ اور عالمی بینک کے نمائندوں نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے، ریگولیٹری ماحول بہتر بنانے اور بنیادی ڈھانچے کے لیے مالی معاونت بڑھانے سمیت حکومت کے ترقی اور ملازمتوں کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان جاری تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

سندیپ مہاجن نے کہا کہ استحکام کی کوششوں اور بروقت پالیسی اقدامات کے ذریعے بنائے گئے بفرز سے پاکستان کو بیرونی دباؤ پر قابو پانے میں مدد ملی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button