
پاکستان نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیانات مسترد کر دیے
پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کی جانب سے جموں و کشمیر سے متعلق منظور کی گئی قرارداد کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد اور من گھڑت بیانات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان بغداد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 52ویں اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مبنی یہ قرارداد مسئلۂ جموں و کشمیر پر او آئی سی کے رکن ممالک کے مشترکہ اور دیرینہ موقف کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قرارداد میں بھارت کے ان یک طرفہ اقدامات کو مسترد کیا گیا ہے جن کا مقصد جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنا تھا۔
سجاد حیدر خان نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ تزویراتی، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے دوران مکہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے، اس کی توثیق اور عمل درآمد سے متعلق امور پر تینوں فریقین کے درمیان بات چیت ہوئی۔















