
پاکستان کا جوہری تابکاری کے اثرات سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سائنسی کمیٹی کے کام کو مزید مؤثر بنانے زور
پاکستان نے جوہری تابکاری کے اثرات سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سائنسی کمیٹی کے کام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مناسب، قابلِ پیش گوئی اور پائیدار وسائل کی فراہمی پر زور دیا ہے۔
یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے فرسٹ سیکریٹری، انصار شاہ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی میں تابکاری کے اثرات سے متعلق عمومی بحث کے دوران کہی۔
انصار شاہ نے پاکستان کے تجربے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے وضع کردہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق تابکاری کے حوالے سے
ایک جامع ضابطہ جاتی نظام قائم کر رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سرطان کے علاج کے مراکز میں طبی عملے اور مریضوں کو تابکاری سے لاحق ہونے والے اثرات کی نگرانی کرتا ہے اور جوہری تنصیبات کے قریب رہنے والی آبادی پر تابکاری کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیتا ہے۔















