
ضلع گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، خاتون دہشت گرد سمیت دس دہشت گرد ہلاک
ضلع گوادر میں ایک خاتون دہشت گرد سمیت دس دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے جنرل ایریاز میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔
ان مقامات کو نشانہ بنا کر، دہشت گردوں نے انہی لوگوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جن کی نمائندگی کا وہ دعویٰ کرتے ہیں؛ اس کے ساتھ ساتھ وہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے تھے۔
مقامی رہائشیوں کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور اس کے گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز کا آغاز کیا۔
مختلف مقامات پر ہونے والی جھڑپوں میں، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم، ریاست کی عملداری کو نقصان پہنچانے اور ان کے گمراہ کن ایجنڈے کو پھیلانے کی کوشش کو ناکام بنایا۔
دہشت گردی کے حملوں کے دوران ایک شہری شہید ہوا اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز نے کسی قسم کے نقصان کے بغیر امن و امان بحال کرنے اور ریاست کی عملداری قائم کرنے کے آپریشنز مکمل کیے۔
اس حملے میں ایک بلوچ خاتون کو زبردستی شامل کرنا ریاست اور بلوچ خواتین کے وقار کے خلاف بھی ایک سنگین جرم ہے۔















