بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

ہری پور میں خوفناک حادثہ، 4 نوجوان جاں بحق

ہری پور کے علاقے سرائے صالح کے قریب ایک ہی محلے کی خوشیاں غم میں بدل گئیں، تیز رفتار آئل ٹینکر اور 2 گاڑیوں کے درمیان ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 4 نوجوان لقمہ اجل بن گئے جبکہ 2 معمولی زخمی ہو گئے۔

​ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی دونوں گاڑیوں میں سوار افراد آپس میں دوست تھے اور ایبٹ آباد سے کھانا کھا کر ہری پور واپس آ رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرائے صالح کے قریب آئل ٹینکر سے ایک کار ٹکرانے کے بعد دوسری کار بھی بے قابو ہو کر اس سے جا ٹکرائی۔

​حادثے میں جاں بحق ہونے والے چاروں نوجوانوں کی شناخت 23 سالہ عمر مہتاب، 28 سالہ شامیر جاوید، 19 سالہ سیف الرحمان اور 25 سالہ احسن شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تمام مقتولین کا تعلق ہری پور کے درویش محلہ کھجوراں والے سے تھا

​ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے تمام لاشوں اور زخمیوں کو ہری پور کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور ایک ہی محلے میں چار نعشیں پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button