بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملہ ناکام، تین خوارج ہلاک، ایک گرفتار، تین بہادر سپوت شہید

پاکستان رینجرز سندھ نے گزشتہ شب کراچی میں واقع رینجرز کیمپ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے تین خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کرنے کے بعد حفاظتی حصار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم رینجرز اہلکاروں کی بروقت، مستعد اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تین حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک زخمی دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا، جو افغان شہری بتایا جاتا ہے۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے تین بہادر سپوت فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم کسی بھی دوسرے خارجی دہشت گرد کو تلاش کر کے گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے "عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم قربانیوں نے ہر قیمت پر وطن کے دفاع کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button