بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

اسحاق ڈار کا اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے پر زور

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں گندم کے ملکی ذخائر اور مارکیٹ میں اس کی فراہمی کے نظام پر غور کیا گیا تاکہ ملک بھر میں گندم کی مناسب مقدار کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام متعلقہ سرکاری ادارے، خصوصاً صوبائی محکمے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطے اور بروقت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مصنوعی قلت اور قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ کو روکا جا سکے۔

اجلاس میں مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button