بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہر بچے کے تحفظ، فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

عالمی یومِ اطفال کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہر بچے کے تحفظ اور اس بات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری یاد دلاتا ہے کہ ہر بچے کو آگے بڑھنے، تعلیم حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا ہوگا جہاں ہر بچے کو محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کرنے، عزت و وقار کے ساتھ پروان چڑھنے اور روشن مستقبل کی امید رکھنے کے مواقع حاصل ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بچوں کی جامع ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔ اس میں بچوں کی جسمانی و ذہنی صحت، فکری نشوونما، تعلیم اور بنیادی حقوق کا تحفظ شامل ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک بھر میں دانش اسکولوں کا قیام حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ان کی صلاحیتوں اور استعداد کو پہچاننا، نکھارنا اور فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button