
پاکستان کی امریکا اور ایران کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران دونوں کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا احترام کرنے اور اس پر عمل درآمد کے لیے مسلسل قائل کر رہا ہے۔
یورونیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان نے جون میں امریکا اور ایران کو معاہدے تک پہنچانے کے لیے اہم سفارتی کوششیں کی تھیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اس کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔
اسحاق ڈار نے کثیرالجہتی سفارت کاری کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں بلاک یا یکطرفہ سیاست مؤثر ثابت نہیں ہو سکتی۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں ایک نئے سکیورٹی نظام کی بنیاد بن سکتا ہے۔
سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اس معاہدے کا احترام ضروری ہے اور بھارت اسے یکطرفہ طور پر معطل نہیں رکھ سکتا۔
انہوں نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق، یعنی حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے۔















