
صدر اور وزیراعظم کا کراچی میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کی جانب سے کیے گئے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور فرض شناسی کا عملی ثبوت دیا۔
صدر اور وزیراعظم نے حملے کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے رینجرز کے تین اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لیے ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری ثابت قدمی اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔














