
پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان باہمی احترام، خودمختارانہ خیرسگالی اور اعتماد کی بنیاد پر بنگلہ دیش کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے سرکاری افسران کے ایک وفد سے خطاب کر رہے تھے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی مماثلتوں اور عوامی روابط پر مبنی ہیں۔ ان دیرینہ رشتوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور بامقصد تعلقات کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت اور مضبوطی دینے کے لیے اس کے ساتھ قریبی اشتراک کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے بڑھتے ہوئے تبادلوں کا رجحان حوصلہ افزا ہے، جو پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک نئے باب کے آغاز کے لیے مشترکہ خواہش کا عکاس ہے۔
نائب وزیراعظم نے خصوصی طور پر پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے تحت پاکستان نے پانچ سال کے دوران بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے 500 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک 170 بنگلہ دیشی طلبہ پاکستانی جامعات میں داخلہ لے چکے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تعلیم، تجارت، علاقائی روابط، سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔















