
ایل پی جی سیکٹر میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں ایل پی جی سیکٹر میں شروع کی گئی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں ایل پی جی کی سب سے بڑی کھیپ لے کر آنے والا بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ پورٹ قاسم پر واقع اینگرو ووپاک ٹرمینل پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔ اس جہاز میں 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی موجود ہے۔
نئے نظام کے تحت ایل پی جی کی اس پہلی بڑی کھیپ کی آمد کے موقع پر پورٹ قاسم پر خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پیٹرولیم کی ہدایات کے مطابق عوام کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی ریکارڈ کھیپ کی آمد اس شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ایل پی جی کی درآمدات میں اضافے سے مارکیٹ میں اس کی دستیابی بہتر ہوگی اور قیمتوں میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔
اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت حکومت نے سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے موسم سرما کے دوران پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں بھی ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں میں ایل پی جی کی مزید کھیپیں بھی بندرگاہ پر پہنچیں گی، جس سے اوپن مارکیٹ میں اس کی دستیابی میں اضافہ ہوگا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔















