بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

عالمی اردو شاعری کی مراد ، “شفیق مراد”

خصوصی تحریر : راجہ نورالہی عاطف

شاعری شعور کی سطح کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور شعوری کیفیات پر اثر انداز ہوکر شعور و آگاہی کے چراغ روشن کرتی ہے ۔ شعر احساس کے نرم و نازک گوشوں سے جنم لیتا ہے اور دل کے تاروں کو چھیڑ کر روح میں ایسی موسیقیت پیدا کرتا ہے جوروح کو تروتازہ کرتی ہے ۔ شعر کہا نہیں جاتا ہو جاتا ہے اور یہ سننے کے لئے نہیں محسوس کرنے کے لئے ہوتا ہے ۔ عصر حاضر میں اردو شاعری میں طبع آزمائی کرنے والے متعدد نامورشعراء کرام ہیں ۔ انہی نامور شعراء کرام میں ایک نام شفیق مراد کا بھی ہے وطن عزیز پاکستان کی سرزمین لاہور سے تعلق رکھنے والے جرمنی میں مقیم اس نابغہ ءروزگار شخصیت نے اپنی اعلی ا خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے عالمی سطح پر اردو شاعری میں جو ممتاز ناموری حاصل کی ہے اسے دیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ درحقیقت شفیق مراد عالمی اردو شاعری کی مراد بن چکے ہیں ۔ ملک وقوم کاسرمایہء افتخار جناب شفیق مراد فرینکفرٹ جرمنی میں مستقل مقیم ہیں ۔ بانی و چیف ایگزیکٹیو شریف اکیڈمی جرمنی ، سرپرست اعلی ا،” شمس میگ “یوکے ، چیف ایڈیٹر ادبی جریدہ” احساس” جرمنی ، ممبر گورننگ باڈی وممبر ایڈوائزری کونسل “ادب سرائے” لاہور ، بانی ممبر عالمی فاونڈیشن برائے اردو شاعری اور بیوروچیف جرمنی وطن نیوز انٹرنیشنل ڈنمارک کی حیثیت سے آپ کی ادبی خدمات زبردست خراج تحسین کے لائق ہیں ۔ جناب شفیق مراد کو اردو عالمی تحریک یو کے کی طرف سے فیض احمد فیض ایوارڈ ، آل انڈیا انٹلیکچوئل پیس اکیڈمی انڈیا ایوارڈ، شہید جمہوریت بے نظیر ایوارڈ ، فروغ اردو ادب ایوارڈ کویت ، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اونرز ایسوسی ایشن قائداعظم ایوارڈ ، پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن جرمنی ایوارڈ سمیت عالمی سطح پر متعدد حسن کارکردگی ایوارڈز عطا ہو چکے ہیں ۔ عالمی اردو شاعری کے سرمایہ ء افتخار جناب شفیق مراد کی اردو شاعری میں حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب “شہر مراد ” نے عالمی سطح پر شعر و ادب کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے ۔ مختلف ممالک میں جناب شفیق مراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریبات رونمائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ شفیق مراد کی مزید دو کتب ” میری ساری دعائیں ہیں تیرے لیے ” اور ” خوشبو کی سفارت ” ابھی زیر طبع ہیں ۔ ” اردو شاعری کی خوبصورت کتاب” شہرمراد” کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد یہ کہا جا سکتا ہے کہ جناب شفیق مراد کا اسلوب زبان و بیان ان کی تہ دار شخصیت کے خدوخال کو اجاگر کرتا ہے ۔ ان کا فکر انگیز اور بصیرت افروز کلام ان کے جوہر خود شناسی کا مظہر ہے ۔ چنانچہ وہ فرماتے ہیں کہ :_

مزید پڑھیے  تنویر انجم کی وفات پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیات کی طرف سے تعزیت کرنے کا سلسلہ جاری

میں لپٹ جاتا ہوں بیگانہ ہواوں سے مراد

دشت فرقت میں بھی ہونے کا پتہ دیتا ہوں

جناب شفیق مراد کا کلام قدیم و جدید رنگ و آہنگ کا ایک خوشنما امتزاج ہے۔ وہ کلاسیکی روایت کی پاسداری کے ساتھ ساتھ عصری حسیت کو بھی اپنا موضوع سخن بناتے ہیں ۔ ان کا اپنا ایک مخصوص اور منحصر بہ فرد لب و لہجہ ہے جو انہیں اپنے معاصر شعراء سے ممتاز کرتا ہے ۔ اپنے وطن عزیز پاکستان سے محبت کا یہ عالم ہے کہ جناب شفیق مراد جرمنی میں تقریبا” 35 سال گزرنے کے باوجود لاہور کی گلیوں کے حصار سے باہر نہ نکل سکے ۔ وہ کہتے ہیں کہ

یوں تو کرنے کو چلا ہوں میں مسخر کائنات

پھر بھی رہتا ہے یہ دل اپنے وطن میں ہر گھڑی

جرمنی جیسے ملک میں اردو زبان کی اہمیت ہے اور نہ ہی افادیت ایسی جگہ اردو کی مشعل روشن کرنا اردو زبان و ادب سے گہری وابستگی پر دلالت کرتا ہے ۔ جناب شفیق مراد نے فروغ علم ادب کی غرض سے شریف اکیڈمی جرمنی کی بنیاد رکھی۔ شفیق مراد، شہر مراد کا خالق، ایک شاعر، ادیب، محقق، وکیل ،دانشور اور اکیسویں صدی کی ایک ایسی نابغہ ء روزگار شخصیت ہے جو تن، من دھن سب فروغِ ادب کے لیے وقف کیے ہوئے ہے
شفیق مراد حکمت و فلسفہ سے بخوبی آشنا ہے ۔ شفیق مراد کے ہاں مصرعہ سازی بھی ہے اور مضمون آفرینی بھی۔ اسے بات سے بات نکالنے کا ہنر آتا ہے ۔
اگر جناب شفیق مراد کی شاعری کا بنظر غائر مطالعہ کیا جائے تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ شفیق نے غزل کے تمام تقاضوں کو بدرجہ ء کمال پورا کیا ہے ۔ شفیق مراد اردو شاعری کا وہ حسین استعارہ اور قطبی ستارہ ہے جو تشنگان علم و ادب کی ہمیشہ رہنمائی کرتا رہے گا ۔ بحثیت مجموعی جناب شفیق مراد کی شاعری اجتماعی شعور کی صدائے بازگشت ہے ۔ جو ان کی حیات جاوید کی ضامن ہے ۔ شفیق مراد ایک بیدار مغز شاعر اور مفکر ہونے کے ساتھ ساتھ سود و زیاں سے بے نیاز ایک فعال شخصیت کے حامل ہیں ۔ انٹرنیشنل شریف اکیڈمی جرمنی کی صورت میں ان کی ادب و ادیب نوازی اور ان کے مسلسل بزم آرائی ،ان کی ادب دوستی اور اردو نوازی کی مظہر ہیں۔ اللہ تبارک و تعالی ا وطن عزیز پاکستان کے سرمایہ ء افتخار جناب شفیق مراد اور ان سے وابستہ ہر رشتے کو دائم شاد و آباد رکھیں اور وہ اسی طرح علم وادب کی خدمت کے لیے اپنا مثالی کردار ادا کرتے رہیں۔ آمین

مزید پڑھیے  خوشاب آفس میں ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو انجینئر حافظ عبدالرشید کی زیرِ صدارت ریسکیو افسران کا اجلاس
Back to top button