بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

روس سے ایل پی جی کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

روس سے مائع پیٹرولیم گیس ( ایل پی جی) کی پہلی کھیپ طورخم بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئی ہے۔ایل پی جی کارگو 10 ٹینکرز  پر مشتمل ہے جو روس سےخریدی گئی ایک لاکھ 10 ہزار ٹن ایل پی جی کا حصہ ہے۔روس سے ایل پی جی پہلے ریل کے ذریعے ازبکستان پہنچائی گئی جہاں سے ٹینکرز کے ذریعے افغانستان کے  راستے پاکستان پہنچائی گئی۔

خیال رہےکہ دو روز قبل خام تیل لےکر روسی جہاز ’پیور پوائنٹ‘ کراچی بندرگاہ پہنچا تھا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔ریفائنری ذرائع کےمطابق روس سے آنے والے خام تیل کے جہاز سےخام تیل نکالنےکا کام جاری ہے، خام تیل کی  ریفائنری میں منتقلی آج مکمل ہوجائےگی۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہےکہ ہمارا روس کے ساتھ ابھی ایک لاکھ ٹن تیل کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے جو کہ دو جہازوں میں آنا تھا، ایک جہاز آچکا ہے، دوسرا جہاز بھی ایک ہفتے میں پہنچ جائےگا۔

مصدق ملک کا کہنا ہےکہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہوجائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچےگا۔خیال رہے کہ موجودہ حکومت نے رواں سال جنوری میں روس سے سستے تیل اور  گیس کی خریداری کے لیے بات چیت کا آغاز کیا تھا۔روسی تیل اور گیس کی پاکستان آمدکو پاک روس  تجارتی تعلقات کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیے  نئے ماہ کا آغاز، ڈالر کے سامنے روپے کی بےقدری کی نئی تاریخ رقم
Back to top button