بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

دو امریکی ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرانے سے 9 فوجی ہلاک

امریکی ریاست کینٹکی میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں کم از کم 9 فوجی ہلاک ہو گئے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ان ہیلی کاپٹرز کا تعلق 101ویں ایئربون ڈویژن سے تھا جن کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل انتھونی ہوئفلر نے بتایا کہ حادثے میں 9 فوجی ہلاک ہو گئے۔یہ حادثہ بدھ کی رات 10 بجے فورٹ کیمبل کے شمال مغرب میں کینٹکی ٹرگ کاؤنٹی میں پیش آیا۔

جب حادثہ پیش آیا تو دو ایچ ایچ 60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے ارکان روزمرہ کے تربیتی مشن پر تھے۔کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر نے ٹوئٹ کی کہ گزشتہ رات پیش آنے والے اندوہناک حادثے کے بعد وہ عملے اور ان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے فورٹ کیمبل کا سفر کریں گے۔

اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں کینٹکی کے گورنر نے کہا تھا کہ ہمیں فورٹ کیمبل سے کچھ بری خبریں موصول ہو رہی ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں اموات کا اندیشہ ہے۔

ایچ ایچ 60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر فضائی کارروائی اور طبی امداد کی فراہمی سمیت متعدد فوجی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔دو سال قبل بھی اسی طرح کا ایک حادثہ پیش آیا تھا جب مغربی نیویارک میں امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر گرنے سے 3 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

طبی ایمرجنسی کے لیے استعمال ہونے والا یو ایچ-60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر نیویارک کے دیہی علاقے مینڈن کے ایک کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں نیشنل گارڈز ہلاک ہو گئے تھے۔اس سے قبل 2019 میں بھی امریکی ریاست منیسوٹا میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

Back to top button