بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، موٹر سائیکل و رکشہ والوں کو سستے پیٹرول کی فراہمی کا اصولی فیصلہ

 وزیر اعظم شہباز شریف نے غریب و متوسط طبقہ کو رمضان المبارک میں ریلیف دینے کے حوالے سے بڑے فیصلے کر لیے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت غریب و متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعظم نے اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران غریب و متوسط طبقے کو مفت آٹے کی فراہمی کا فیصلہ کیا۔سکیم کے تحت اسلام آباد کے 10 لاکھ لوگوں کو رمضان المبارک میں مفت آٹا فراہم کیا جائے گا، وزیر اعظم نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو بھی اس سکیم میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں غریب و متوسط طبقے کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد اور مضافاتی علاقوں میں رمضان کے دوران مفت آٹے کی فراہمی کی جائے گی، اس سکیم سے اسلام آباد کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نےموٹر سائیکل و رکشہ والوں کو سستے پٹرول کی فراہمی کا بھی اصولی فیصلہ کیا، وزیر اعظم کی ہدایت پر موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے سستے پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اجلاس کو موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کیلئے رعایتی پٹرول پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ افسروں کو پروگرام کو حتمی شکل دے کر جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکل اور رکشہ والے معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، حکومت ان کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

Back to top button