بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ڈالر 7 روپے 26 پیسے سستا ہو کر 277 روپے 85 پیسے کا ہو گیا

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں گزشتہ روز بڑی کمی کے بعد آج ڈالر 7 روپے 26 پیسے سستا ہو کر 277 روپے 85 پیسے کا ہو گیا۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 7 روپے 26 پیسے اضافے کے بعد 277 روپے 85 پیسے کی سطح پر آ گیا، جو گزشتہ روز 18 روپے 98 پیسے یا 6.66 فیصد کمی کے بعد 285 روپے 9 پیسے پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ روز ٹاپ لائن سیکورٹیز کے چیف ایگزیکٹو محمد سہیل نے بتایا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے سے فنڈنگ ملنے میں تاخیر کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں بے یقینی کی صورتحال جنم لے رہی ہے۔

ٹریس مارک کی سربراہ کومل منصور کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے نئے معاہدے سے قبل روپے کی قدر میں 20 فیصد کمی کی ڈیمانڈ کی تھی جو پوری کردی گئی ہے اور امید ہے کہ ڈالر 278 سے 280 روپے کے درمیان رہے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ڈالر اس سے اوپر جائے گا تو اسٹیٹ بینک مداخلت کے لیے آئے گا، اس لیے حالیہ اضافہ ہوا ہے، توقع ہے کہ مارکیٹ 280 روپے کے نیچے سیٹ ہوجائے گی اور آگے مزید روپے کی قدر کم نہیں ہوگی۔

Back to top button