بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

عدل و انصاف کا بول بالا کرنے سے معاشرے میں امن وخوشحالی آتی ہے، ایس ایچ او نور پور تھل

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) تھانہ نورپورتھل کے نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او اسد اقبال خان نے کہا ہے کہ ہمارے پیارے مذہب اسلام کی سنہری تعلیمات کی رو سے عدل و انصاف کا بول بالا کرنے سے معاشرے میں امن وخوشحالی آتی ہے ۔ انشاءاللہ نور پور تھل میں تعیناتی کے دوران اپنے فرائض منصبی بطریق احسن سرانجام دینے میں ہرگز کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نورپورتھل پریس کلب کے فاونڈرممبرز کے ساتھ تعارفی نشست کے دوران کیا۔اسد اقبال خان نے کہا کہ مظلوم کی داد رسی، ظالم کو کیفرِ کردار تک پہنچانا، منشیات فروشوں ، جواءبازوں ،سماج دشمن عناصر اور دیگر کرائمزپیشہ افراد کی بیخ کنی میری ترجیحات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے تحصیل نور پور تھل کا علاقہ مجموعی طور پر پرامن ہے اور یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں ۔ ایس ایچ او نے کہا کہ معاشرتی اصلاح و فلاح کے لیے میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ انشاءاللہ مقامی میڈیا کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہرگز کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر سینئر صحافیوں ملک محمد حیات جوئیہ ، سیٹھ ثمر سلطان، ایم نور دین اور دیگر نے سماجی بہبود کے لیے اسد اقبال خان کو نورپورتھل پریس کلب کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید پڑھیے  اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تحصیل نور پور تھل کا علاقہ مجموعی طور پر پرامن ہے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد ریاض
Back to top button