بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سعودی عرب رواں سال پہلی مرتبہ فیفا کلب ورلڈ کپ 2023 کی میزبانی کرے گا

سعودی عرب رواں سال دسمبر میں ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ 2023 کی میزبانی کرے گا۔ رپورٹ مطابق فیفا کلب ورلڈکپ رواں سال 12 سے 22 دسمبر تک سعودی عرب میں کھیلا جائے گا۔یہ فیصلہ گزشتہ روز فیفا کونسل اجلاس میں کیا گیا، 2000 میں شروع ہونے والے فیفا کلب ورلڈکپ میں سعودی عرب چھٹا میزبان ہوگا۔

سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل کا کہنا تھا کہ دنیا کے معروف فٹ بال کلبز اور شائقین کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہنے کا موقع ملنے پر بے حد پرجوش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ ثابت کرنے کا موقع ملے گا کہ سعودی عرب بھی ورلڈ کلاس میزبانی کرسکتا ہے، ہم اس کھیل سے اپنی محبت ظاہر کرنے کے منتظر ہیں، یہ تبدیلی کے سفر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

سعودی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ ہمارے ہمارے ملک میں 35 سال سے کم عمر 70 فیصد لوگوں میں فٹ بال کا جنون ہے اور یہ فیفا کی میزبانی ہمارے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔فٹ بال سعودی عرب کا قومی کھیل ہے، جہاں 80 فیصد آبادی اس کھیل کو بے حد دلچسپی سے کھیلتی ہے۔سعودی عرب ایشیائی فٹ بال کپ 2027 کی بھی میزبانی کرے گا اور ویمنز ایشین کپ 2026 کی میزبانی کی دوڑ میں بھی شامل ہے۔

سعودی عرب فٹ بال فیڈریشن کے صدر اور فیفا کونسل کے نومنتخب رکن یاسر المسیحل نے کہا کہ فیفا کلب ورلڈ کپ ایک خاص مقابلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فیفا کلب ورلڈ کپ سے نہ صرف دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کو بہت سی یادیں وابستہ ہیں، بلکہ اس نے نئی دوستیاں بھی قائم کی ہیں، اس اہم ایونٹ کی میزبانی اور سعودی عرب پر بھروسہ کرنے کے لیے فیفا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

Back to top button