بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

پاکستان بھارت براہ راست مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کا حل ، امریکا

امریکی محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو کا کہنا ہے کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشمیر سے متعلق امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ لو نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست مذاکرات سے ہی مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو کشمیر میں مقامی الیکشن اور سیاسی حقوق بحال کرنے چاہیے، کشمیر میں یقینی بنایا جانا چاہیے کہ میڈیا اپنا کام جاری رکھ سکے، امن کے لیے یہ سب ضروری ہے، امید ہے آئندہ برسوں میں کشمیرمیں یہ امن یقینی بنایا جاسکے گا۔

ڈونلڈ لو کا کہنا ہے کہ امریکا نے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اعلیٰ سطح پر بات چیت کی ہے۔پاکستان کو ایف 16 جنگی طیاروں کی فروخت سے متعلق سوال پر ڈونلڈ لو نے کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایف 16 طیاروں کا یہ منصوبہ فوجی امداد نہیں، فوجی ساز و سامان کی فروخت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کسی ملک کو فوجی سامان فروخت کرتا ہے تو وہ اس کی تکنیکی معاونت بھی فراہم کرتا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ڈونلڈ لو نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان سے متعلق سوال کا جواب نہیں دیا اور واضح کیا کہ وہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم کے بارے میں کوئی سوال نہیں لیں گے۔

Back to top button