بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا افغانستان کے اثاثے بحال کرنے پر زور، ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

افغانستان میں انسانی صورتحال کا فوری طور پر حل نکالنے کی ضرورت ہے، عاصم افتخار

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے افغان عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے فائدے کیلئے افغانستان کے اثاثے بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

جمعہ کو تیسرے پہر اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کئے گئے ابتدائی اقدامات کا خیر مقدم کیا اور اسلام آباد مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کاخیر مقدم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انسانی صورتحال کا فوری طور پر حل نکالنے کی ضرورت ہے۔

بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی خریداری سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ بھارت نے برسوں سے ہتھیاروں کے انبار لگاکر اسلحہ کی دوڑ شروع کر رکھی ہے اور جنوبی ایشیا میں عدم توازن کا ماحول پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اب تک حاصل کی گئی فوجی صلاحیت کا70 فیصد سے زائد پاکستان کے خلاف ہے جو ہمارے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورموں پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔ جس کے باعث پاکستان کی بھارت کے ساتھ کسی قسم کی تجارت کی بحالی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ہفتے ہم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پرچم کی زبردستی تنصیب کا عملی مظاہرہ دیکھا جبکہ کشمیری اس روز کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے ابتک 666 کشمیری شہید ہو چکے ہیں اور خصوصی طور پر نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جعلی تلاشی و گھیرا آپریشن میں خصوصی طور پر نوجواں بچوں کو جبری گرفتار کیا جاتا ہے۔

عاصم افتخار نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اگلے ہفتے قطر کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی چار یورپی ملکوں جرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کا دورہ کررہے ہیں۔ترجمان نے کہا یہ دورے ہمارے شراکت داروں کے ساتھ پاکستان کے جاری گہرے روابط اور سفارتکاری کامظہر ہیں۔

Back to top button