بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان سٹاک ایکسچینج سے مثبت خبریں آنے لگیں

کے ایس سی 100 بینچ مارک انڈیکس میں انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران 900 پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ ہوا، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ڈیل کے حوالے سے وضاحت کی وجہ سے نئی خریداری ہوئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک انڈیکس دوپہر 1:27 بجے تک 956.65 پوائنٹس یا 2.38 فیصد اضافے کے ساتھ 41 ہزار 148.26 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں اور فنڈ کی جانب سے قرض کی قسط جلد جاری ہونے کی توقع کے باعث سرمایہ کار دوبارہ خریداری کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ کم درآمدات اور تجارتی خسارے میں کمی کی وجہ سے روپیہ مضبوط ہوگا، ساتھ ہی مارکیٹ میں بڑے کھلاڑی اور مالیاتی ادارے سرگرم ہیں۔

اسی طرح کی بات فرسٹ نیشنل ایکوئٹیز کے سی ای او علی ملک نے کی، جنہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اس بیان کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد لوٹ آیا ہے کہ پاکستان نے نظرثانی کے لیے تمام شرائط پوری کر دی ہیں اور اگست کے آخر میں ہونے والی بورڈ میٹنگ قرض کی منظوری دے گی۔

Back to top button