بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کا خطرہ ٹلنے لگا

یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کا خطرہ ٹلنے لگا اور یوکرین کی سرحد پر تعینات روسی فوجیوں میں سے بعض دستوں کی واپسی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مغربی میڈیا کے مطابق یوکرین کی سرحد کے نزدیک موجود روسی فوج کے کچھ دستے فوجی بیس میں واپس بھیج دیے گئے ہیں۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق سرحدی علاقے کے نزدیک تعینات فوج کے کچھ یونٹس مشقوں کے بعد واپس جا رہے ہیں، جنوبی اور مغربی ملٹری ڈسٹرکٹ کے کچھ دستوں کی فوجی مشقیں مکمل ہو گئی ہیں، فوجی مشقیں مکمل کرنے والے دستے فوجی اڈوں میں واپس جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ روس نے یوکرین کے نزدیک ایک لاکھ سے زائد فوجیوں کو جمع کیا تھا جس سے روس کے یوکرین پر حملے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔

یوکرین کی سرحد کے نزدیک موجود روسی فوج کے کچھ دستوں کی واپسی پر برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹروس کا کہنا ہے کہ یوکرین کی سرحد پر موجود روسی فوجیوں کی مکمل دستبرداری کی ضرورت ہے، روسی فوجی دستوں کی واپسی کے بارے میں مزید تفصیلات کو دیکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ روس دعویٰ کرتا ہے کہ اس کا یوکرین پر حملے کا ارادہ نہیں ہے، فوج کو یوکرینی  سرحد سے مکمل طور پر ہٹا کر  روس اس دعوے کو صحیح ثابت کرے۔

Back to top button