بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن ڈاکٹر ارشد محمود کو مبینہ طور پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے اختلافات کی وجہ سے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سیکرٹری پیٹرولیم ارشد محمود کے کام سے مطمئن نہ تھے  اور  دونوں کے آپس میں اختلافات بھی تھے۔

ڈاکٹرارشد محمود کی جگہ سیکرٹری پاور علی رضا بھٹہ کو تین ماہ کے لیے سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سیکرٹری پیٹرولیم کے کام سے مطمئن نہیں تھے کچھ روز سے سیکر ٹری پیٹرولیم اور وفاقی وزیر کے درمیان اختلافات چلے آ رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر توانائی نے وزیر اعظم سے سیکر ٹری پیٹرولیم کو تبدیل کرنے کا کہا، سیکر ٹری پیٹرولیم وفاقی وزیر کو اعتماد میں لیے بغیر براہ راست کچھ نجی آئل اینڈ گیس پیداواری کمپنیوں سے ملاقاتیں بھی کر رہے تھے اور گوادر میں ایل این جی فراہمی کے معاملے پر  سیکر ٹری پٹرولیم اور وزارت بحری امور کے درمیان اختلافات بھی سیکرٹری پٹرولیم کو ہٹانے کی وجہ بتائی جا رہی ہے۔

 ذرائع نے بتایا کہ کچھ نجی آئل ریفائنریز بھی براہ راست وفاقی وزیر توانائی کو مسائل بڑھنے کی شکایت کر رہی تھیں کہ ان کے مسائل حل نہیں ہو رہے، مقامی ریفائنریز سے فرنس آئل اٹھانے کے اقدامات کی بجائے تیل درآمد کیا جا رہا ہے اور اگر مقامی ریفائنریز سے فرنس آئل نہ اٹھایا گیا تو اسٹوریج کی جگہ ختم ہونے پر ریفائنریز بند ہو سکتی ہیں۔ 

Back to top button