بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم نے گرین لائن بس منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کردیا

 وزیراعظم عمران خان نے شہر قائد میں گرین لائن بس منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کردیا۔

وزیراعظم عمران خان گرین لائن منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کے افتتاح کے لیے آج کراچی پہنچے، افتتاح کےموقع پر وفاقی وزیر اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے گرین لائن اسٹیشن کا دورہ کیا اور بسوں کا معائنہ کیا جب کہ انہیں حکام نے پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان گرین لائن منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کریں گے اور 25 دسمبر سے منصوبے کو کمرشل بنیادوں پر چلایا جائے گا۔

دوسری جانب گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان سے ایک روز پہلے ہی گرین لائن منصوبے کا افتتاح کر دیا تھا۔

اس موقع پر پولیس اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی اور اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو ہاتھ پر ڈنڈا لگنے سے چوٹ بھی لگ گئی تھی۔

Back to top button