بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

انگلینڈ کو شکست،نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی اور 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کا بھی بدلہ لے لیا۔

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے سیمی فائنل میں ٹاس جیت کر  بولنگ کا فیصلہ کیا اور انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کا 167 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملان 41 اور معین علی 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل میچ ایک موقع پر سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا تھا،نیوزی لینڈ 167 کےتعاقب میں 18 اوورز میں 147 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بنا چکا تھا اور اسے 12 گیندوں پر مزید 20 رنز درکار تھے تاہم نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

Image

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 48 گیندوں پر 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ڈیون کونوے 46 اور جیمز نیشم نے دھواں دار 26 رنز بناکر ان کا بھرپورٹ ساتھ دیا اور انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور لیام لیونگ اسٹون نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس شکست کے بعد انگلینڈ کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوگیا۔ انگلینڈ نے 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی جس کا بدلہ آج نیوزی لینڈ نے لے لیا۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل 11 نومبر کو دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا جس کے بعد فائنل 14 نومبر کو دبئی میں ہوگا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ  کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ سے ٹرافی کی جنگ لڑے گی۔

Back to top button