بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

شیخ رشید اورفواد چوہدری فرعونی لہجہ ترک کردیں، مفتی منیب

 فواد چوہدری اور شیخ رشید فرعونی لہجے میں بات کرنا چھوڑیں،ان کی حقیقت سب کو معلوم ہے ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی بھیک مانگنے والوں کو تحریک لبیک پاکستان کا نام لیتے ہوئے شرم آنی چاہیے علمائے کرام سے اپیل ہے کہ جمعۃ المبارک کے خطبات میں عوام کو حقائق سے آگاہ کریں ان خیالات کااظہار مفتی پاکستان مفتی منیب الرحمن نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مسلسل جھوٹ بولتے چلے جارہے ہیں، وزیر داخلہ ووزیر مذہبی امور تحریری معاہدے کر کے اُن سے پھر جاتے رہے ہیں،اب ان پر کسی کو اعتبار نہیں رہا۔ 

وزیر اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف سے مطالبہ ہے کہ شاہ محمود قریشی، اسد عمراور پرویز خٹک پر مشتمل سنجیدہ افراد کے ذریعے مذاکرات کریں اور تحریک لبیک پاکستان کے امیر سمیت سارے قائدین کو رہا کر کے باوقار انداز میں ایک جگہ یکجا کریں۔ 

رینجرز کی تعیناتی سے اشتعال پھیلے گا، پی ٹی آئی کو اپنا ماضی یاد رکھنا چاہیے ، جب وہ یوٹیلیٹی بل جلارہے تھے، لوگوں کو ترغیب دے رہے تھے کہ ریاست کو ٹیکس نہ دیں۔

پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر چڑھائی کر رہے تھے تو کیا اُس وقت مودی کے ایجنڈے پر کام کر رہے تھے، بھارت کے ایجنٹ تھے۔ لگتا ہے اس حکومت کی نہ کوئی قیادت ہے ، نہ کوئی منظّم پالیسی اور نہ کوئی سمت ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ معاہدے میں طے شدہ مطالبات کو فی الفور تسلیم کیا جائے اور وہ یہ ہیں:(1)ٹی ایل پی کے امیر اور شوریٰ کے ارکان سمیت تمام اسیروں کو فوری طور اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے،(2)تمام ایف آئی آرز واپس لی جائیں ، (3) تمام علماء کے نام شیڈول IVسے نکالے جائیں، (4) تمام اشخاص اور اداروں کے منجمدبنک اکاؤنٹس بحال کیے جائیں، (5)تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کو اٹھایا جائے، (6) معاہدے کے مطابق پارلیمنٹ میں توہینِ رسالت کے مسئلے پر بحث کی جائے،(7)نہتے مظاہرین پر مسلح ہونے کا جھوٹا الزام واپس لیا جائے، (8) وزراء کو روکا جائے۔ ٹی ایل پی کی شوریٰ کے رکن مولانا سیدسرورشاہ سیفی ریلی میں کہہ چکے ہیں کہ ہم پارلیمنٹ کے فیصلے کو تسلیم کریں گے۔

Back to top button