
پاکستان قومی اور بین الاقوامی امور میں دیانتداری اور انصاف کے اصولوں پر کاربند ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک بہتر، جامع اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے امن، برداشت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
بین الاقوامی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے قومی اور عالمی سطح پر پُرامن اور متحد معاشروں کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قومی اور بین الاقوامی امور میں دیانتداری اور انصاف کے اصولوں پر کاربند ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ملک کے اندر اور بیرونِ ملک امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے پاکستان کی مختلف زبانوں، ثقافتوں اور تہذیبی روایات کو قومی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنوع ملک کی مضبوطی کا سبب ہے۔
انہوں نے “پیغامِ پاکستان” جیسے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد قومی اتحاد کو فروغ دینا اور فکری انتہاپسندی کا خاتمہ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت سماجی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، جن میں نیشنل ایکشن پلان برائے انسانی حقوق، نیشنل ایکشن پلان آن بزنس اینڈ ہیومن رائٹس، اور انسانی حقوق سے متعلق آگاہی پروگرام شامل ہیں۔















