بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

مسرت عالم بھٹ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مقرر

شبیر احمد شاہ اور غلام احمد گلزار نائب چیئرمین ہوں گے جب کہ مولوی بشیر احمد عرفانی جنرل سیکرٹری کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔

جموں و کشمیر میں مسرت عالم بھٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے یہ اعلان سری نگر میں ہونے والے اجلاس میں کیا۔

جاری ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ شبیر احمد شاہ اور غلام احمد گلزار نائب چیئرمین ہوں گے جب کہ مولوی بشیر احمد عرفانی جنرل سیکرٹری کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔

50 سالہ مسرت عالم بھٹ ایک کشمیری رہنما اور جموں کشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین ہیں۔

مسرت عالم بھٹ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین بننے سے قبل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، انہوں نے 2010 میں کشمیر میں بھارتی فوج کے مچل انکاؤنٹر کے خلاف مہم چلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مسرت عالم کو قابض بھارتی حکومت نے بعد میں متعدد بار حراست میں لیا، ان پر 27 مجرمانہ مقدمات درج کیے گئے تھے لیکن ان میں سے بیشتر میں وہ یا تو بری ہو چکے ہیں یا عدالتوں نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

یکم مارچ 2015 کو مفتی محمد سعید کے جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

Back to top button