بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

طالبان سے مذاکرات کیلئے برطانوی وزیر خارجہ قطر روانہ

برطا نوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ اپنے دورہ قطر کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات کرینگے

برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینک راب طالبان سے مذاکرات کے لیے قطر روانہ ہو گئے ، دوحا میں وہ طالبان قیادت سے افغانستان سے برطانوی شہریوں اور افغان مترجمین کے محفوظ انخلا سے متعلق بات کریں گے۔

برطا نوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ اپنے دورہ قطر کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ ان کی قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے بھی ملاقات ہو گی۔

برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران ڈومینک راب چار نکات پر مذاکرات کریں گے جن میں افغانستان کو دہشت گردوں کی آماجگاہ بنانے سے روکنا، افغانستان میں شہریوں کو جن مصائب کا سامنا ہے ان کا مؤثر جواب دینا، علاقائی امن کو یقینی بنانا اور طالبان کو انسانی حقوق سے متعلق جوابدہ بنانا شامل ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزارت خارجہ کا کہناہے برطانوی سفارتخانہ کابل سے دوحامنتقل کر دیا گیا ہے، کابل کیلئے برطانوی سفارتخانہ دوحاسے کام کر رہا ہے۔

Back to top button