بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ہیٹی میں 7.2 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، 29 افراد ہلاک

7.2 شدت کا زلزلہ دارالحکومت پورٹ او پرنس سے تقریباً 150 کلومیٹر مغرب میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، یہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کا اثرکیوبا اور جمیکا میں بھی محسوس کیا گیا۔

کیربیئن جزیرے ہیٹی میں  7.2 شدت کے زلزلےکے نتیجے میں   29 افراد ہلاک ہوگئے۔امریکی زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.2 ریکارڈ کی گئی ہے اور خطے میں مسلسل آفٹرشاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

7.2 شدت کا زلزلہ دارالحکومت پورٹ او پرنس سے تقریباً 150 کلومیٹر مغرب میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، یہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کا اثرکیوبا اور جمیکا میں بھی محسوس کیا گیا۔

ترجمان امریکی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث کئی سڑکوں اور گھروں کو بھاری نقصان ہوا ہے ، متاثرہ علاقہ افرا تفری کے عالم کا منظر پیش کر رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق متعدد افراد زخمی حالت میں سڑکوں پر طبی امداد کے منتظر ہیں اور لوگ رہائشی عمارات کو گرنے کے خوف سے خالی بھی کر رہے ہیں۔

زلزلےکے مرکزکے قریب ترین بڑا شہر لیس کیز تھا ، جس کی آبادی 126،000 کے لگ بھگ ہے۔ وہاں کئی عمارتیں منہدم ہوئیں یا وہاں بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، حکام کا کہنا ہے کہ وہ ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہے ہیں۔

ہیٹی کے سول پروٹیکشن کے ڈائریکٹر جیری چاندلر نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اب تک 29 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہیں۔

ہیٹی کے وزیر اعظم ایریل ہنری نے ملک میں ایک ماہ کی ایمرجنسی نافذ کر دی۔

Back to top button