بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

طالبان کا ترک فوج کو انتباہی پیغام

ترک افواج کی موجودگی برقرار رکھنا ناجائز ہے، ترک فوج کی موجودگی سے دو طرفہ تعلقات کو نقصان ہوسکتا ہے،طالبان

افغان طالبان نے کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کیلئے ترک فوج کے افغانستان میں رہنے کے فیصلے کی سخت مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ دوحہ معاہدے کے تحت تمام غیر ملکی افواج کا افغانستا ن سے انخلا ضروری ہے، ترک فوج کی موجودگی افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی مفاد کی خلاف ورزی ہے۔

افغان طالبان نے افغانستان میں غیر ملکی فوجی انخلا کے باجود ترک افواج کی موجودگی کے فیصلے کیخلاف انتباہی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں ترک افواج کی موجودگی برقرار رکھنا ناجائز ہے، ترک فوج کی موجودگی سے دو طرفہ تعلقات کو نقصان ہوسکتا ہے۔

طالبان کاکہنا تھا کہ ترک حکام نے یقین دلایا تھا کہ وہ یکطرفہ فیصلہ نہیں کرینگے، انہوں نے اپنے وعدے کی خلاف ورزی کی ہے، ترک حکام فیصلہ واپس لینے میں ناکام رہے تو نتائج کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔

واضح رہے کہ امریکا ترکی کےدرمیان کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کیلئےمعاہدہ ہوا ہے جس کے تحت غیر ملکی فوجی انخلا مکمل ہوجانے کے بعد ترک فوج کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو حفاظت فراہم کرے گی۔

Back to top button