بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

بابر اعظم کا شائقین کرکٹ کے نام خط

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستانی کرکٹ شائقین کے نام کھلا خط لکھا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر موجود ہے جہاں قومی ٹیم کے کھلاڑی کووڈ پروٹوکولز کے تحت قرنطینہ میں موجود ہیں۔

بابر اعظم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’میرے پیارے کرکٹ فینز امید ہے آپ سب خیریت سے ہوں گے، پلیئرز اور کرکٹ فینز کا تعلق بہت ہی شاندار ہوتا ہے، دونوں ایک دوسرے کے بغیر کچھ نہیں ہیں اور یہ تعلق دن بدن میچور ہوتا جارہا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا ’پاکستان کرکٹ کی سب سے خاص بات بھی اس کے فینز ہیں جو ہر اچھے اور برے وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، ہماری جیت پر خوشی منانا اور ہار پر ہمارا حوصلہ بڑھانا، یہی ان کی پہچان ہے‘۔

دیار غیر میں مقیم پاکستانی شائقین کے حوالے سے بابر اعظم نے اپنے کھلے خط میں کہا کہ ’جب بات ہو انگلینڈ میں موجود پاکستانیوں کی تو ان کی کیا ہی بات ہے، پاکستان کے بعد اگر ہمیں کہیں سب سے زیادہ سپورٹ ملی ہے تو وہ انگلینڈ ہے، ہم جب بھی انگلینڈ آتے ہیں ہمارے فینز ائیرپورٹ سے لیکر گراؤنڈ تک ہمیشہ ہمیں سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہوتے ہیں‘۔

اپنے خط میں قومی ٹیم کے کپتان نے بتایا ’ابھی ہم کچھ ہی گھنٹوں پہلے انگلینڈ پہنچے ہیں اور فی الحال قرنطینہ میں ہیں لیکن ہمیں ابھی سے ہی سوشل میڈیا کے ذریعے یہاں رہنے والے پاکستانیوں کے پیغامات آنے لگے ہیں، ہم بھی بہت زیادہ پرجوش ہیں کیونکہ پچھلی بار ہم نے بھی ان کو گراؤنڈ میں بہت مس کیا تھا لیکن اس بار یہ سب گراؤنڈ میں ہوں گے اور ہمیں سپورٹ کریں گے‘۔

بابر اعظم نے پاکستان میں میں موجود شائقین سے اپیل کی کہ ’آپ لوگ بھی ٹی وی اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہمیں سپورٹ کرنا، ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ’ ہم یہاں جیت کے جذبے کے ساتھ آئے ہیں اور ان شاء اللہ جیت کر آئیں گے، پاکستان زندہ باد، آپ کا کپتان بابر اعظم‘۔

Back to top button