بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

کاروباری اداروں نے اپنے عملہ اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے90ارب روپے کے قرضہ کے لئے درخواستیں جمع کرائیں

اسلام آباد(صباح نیوز)

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی 90 ارب روپے کی ری فنانس سکیم کے تحت قرض کے حصول کے لئے 1100 درخواستوں پر عمل درآمد جاری ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق کاروباری اداروں نے اپنے عملہ اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ری فنانس سکیم کے تحت قرضہ کے لئے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

کورونا وائرس کی وبا کے باعث کاروباری اداروں کے ملازمین کے روزگار کے تحفظ کے لئے سٹیٹ بینک نے اپریل کے دوسرے ہفتہ کے دوران ری فنانس سکیم متعارف کرائی تھی تاکہ آجر آسان شرائط پر قرضہ حاصل کرکے اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کر سکیں۔ کوویڈ 19سے معیشت متأثر ہونے کے بعد مختلف کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی گیارہ سو درخواستوں پر عمل درآمد جاری ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق نجی ادارے تین فیصد شرح سود پر قرضے حاصل کرکے آئندہ تین ماہ اپنے ملازمین کو تنخواہ ادا کرسکیں گے۔ اس وقت 90 ارب روپے کے قرضہ کے لئے جمع کرائی گئی 11سو درخواستیں زیر غور ہیں جن سے 8لاکھ 50ہزار وررکز کے روزگار کو تحفظ حاصل ہو گا۔ 30اپریل 2020تک 209درخواست گزاروں کو 23ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں جس سے 2لاکھ 22ہزار افراد کو تنخواہ ادا کی گئی ہے۔

ری فنانس سکیم سے استفادہ کے تحت 200ارب روپے کے قرضوں کا اجرامتوقع ہے۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر مرکزی بینک نے وباکے باعث کاروباری پریشانیوں کے خاتمے کے لئے نجی اداروں کو کم شرح سود پر قرضوں کا فیصلہ کیا تھا تاکہ لاکھوں ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Back to top button