بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان جدید زراعت میں برازیل کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے: رانا تنویر

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان جدید زراعت، لائیو اسٹاک مینجمنٹ، گوشت کی پیداوار اور منہ کھر کی بیماری پر قابو پانے کے حوالے سے برازیل کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں برازیل کے سفیر اولنتھو ویرا سے گفتگو کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ برازیل کے ساتھ تعاون سے پاکستان کو زرعی پیداوار بڑھانے، غذائی تحفظ مضبوط بنانے اور اپنی زرعی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی زرعی اور لائیو اسٹاک کے ماہرین برازیل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ وہاں کے جدید زرعی طریقوں، تحقیقی اداروں اور مویشیوں کی افزائش و ترقی کے ماڈلز کا جائزہ لیں گے۔

برازیل کے سفیر نے اپنے ملک کے معروف زرعی تحقیقی ادارے ایمبراپا (Embrapa) کی اہم خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی تحقیق، جدت اور استعداد کار میں اضافے کے ذریعے اس ادارے نے برازیل کے زرعی شعبے میں نمایاں تبدیلیاں لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ملاقات میں پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل اور ایمبراپا کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، بالخصوص زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی، فصلوں کی پیداوار میں اضافے اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر گنے کی پیداوار، ایتھنول کی تیاری اور بائیو فیول کی آمیزش کے حوالے سے برازیل کے تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دوطرفہ تجارت کے حوالے سے زرعی مصنوعات کی برآمدات اور درآمدات میں تنوع پیدا کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستانی باسمتی چاول کے لیے برازیل کی منڈی تک رسائی حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

برازیل کے سفیر نے برازیلی مارکیٹ میں پاکستانی گلابی نمک کی مقبولیت کا بھی اعتراف کیا اور جعلی مصنوعات کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button