
وزیراعظم شہباز شریف کا موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لیے قرض کے بجائے گرانٹس پر مبنی مالی معاونت اور فنڈز بڑھانے کا مطالبہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ اور کمزور معیشتوں کی مدد کے لیے قرضوں کے بجائے گرانٹس پر مبنی مالی معاونت فراہم کرنے اور موسمیاتی تحفظ و موافقت کے فنڈز میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی آفات سے متاثرہ کمزور ممالک کو بروقت امداد اور تعاون کی ضرورت ہے، ایسا تعاون جو ان کے قرضوں کے بوجھ میں مزید اضافہ نہ کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سرحدوں کی پابند نہیں اور کوئی بھی ملک تنہا اس چیلنج کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ عالمی یکجہتی کا تقاضا ہے کہ محض بیانات کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف نے 2022ء میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلابوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے 2010ء اور 2022ء کے سیلابوں کے دوران پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکیہ کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی حمایت، دوستی اور یکجہتی ہمیشہ پاکستانی عوام کے دلوں اور یادوں میں زندہ رہے گی۔
وزیراعظم نے پاکستان میں صاف توانائی کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کے توانائی کے مجموعی نظام میں صاف توانائی کا حصہ تقریباً 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے، جبکہ 2035ء تک متوقع کاربن اخراج میں تقریباً 50 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کی قومی سطح پر کوششیں منصفانہ عالمی ردعمل کا متبادل نہیں ہوسکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی میں سب سے کم حصہ ڈالنے والے ممالک اور عوام ہی اس کے بدترین اثرات برداشت کر رہ















