
جناح اسپتال کراچی میں اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ کی سہولت مہیا
جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) سندھ کا دوسرا سرکاری اسپتال بن گیا ہے جہاں معدے، آنتوں، لبلبے اور نظام انہضام کے دیگر پیچیدہ امراض خصوصاً کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے جدید ترین اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ (EUS) کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں اور بلوچستان سے آنے والے ہزاروں غریب اور مستحق مریضوں کو ایسے مہنگے تشخیصی اور علاج کے پروسیجرز مفت میسر آسکیں گے جن پر نجی اسپتالوں میں تین سے چار لاکھ روپے تک خرچ آتا ہے۔
کروڑوں روپے مالیت کی جدید اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ مشین معروف دوا ساز ادارے گیٹز فارما نے جناح اسپتال کے شعبہ گیسٹروانٹرولوجی کی درخواست پر عطیہ کی ہے۔ اسپتال حکام کے مطابق شعبہ گیسٹروانٹرولوجی کے ماہرین نے گیٹز فارما کے ایگزیکٹو چیئرمین خالد محمود سے رابطہ کرکے انہیں غریب مریضوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا تھا اور اسپتال میں جدید تشخیصی سہولت کی فراہمی کے لیے تعاون کی درخواست کی تھی جس پر کمپنی نے مہنگی درآمدی مشین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسپتال حکام کے مطابق اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ ایک جدید طبی ٹیکنالوجی ہے جس میں اینڈوسکوپی اور الٹراساؤنڈ کو یکجا کرکے معدے، آنتوں اور ان کے اردگرد موجود اعضا کی انتہائی واضح تصاویر حاصل کی جاتی ہیں۔ اس کے ذریعے لبلبے، جگر، صفراوی نالیوں، لمف نوڈز اور نظام انہضام کے دیگر حصوں میں موجود رسولیوں، سوزش اور کینسر کی تشخیص میں مدد ملتی ہے جبکہ مشتبہ حصوں سے بایوپسی کے لیے ٹشو کے نمونے بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس جدید مشین کے ذریعے معدے اور لبلبے کے کینسر کی تشخیص، رسولیوں کے پھیلاؤ کا اندازہ لگانے، لبلبے کے گرد جمع ہونے والے سیال کی نکاسی اور صفراوی نالیوں کی بعض رکاوٹوں کے علاج سمیت متعدد پیچیدہ پروسیجرز انجام دیے جاسکتے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے بعض مریضوں کو بڑی سرجری سے بچانا بھی ممکن ہوتا ہے جبکہ کینسر کی درست تشخیص کے بعد علاج شروع کرنے میں ہونے والی تاخیر کم کی جاسکتی ہے۔
جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد شیر نے جدید سہولت کی فراہمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معدے، آنتوں اور لبلبے کے کینسر کے بہت سے مریض اس وقت اسپتال پہنچتے ہیں جب بیماری کافی حد تک پھیل چکی ہوتی ہے، ایسے میں بروقت اور درست تشخیص نہ صرف مؤثر علاج کے امکانات بہتر بناتی ہے بلکہ مریضوں کی زندگی بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے گیٹز فارما اور اس کے ایگزیکٹو چیئرمین خالد محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سہولت سے پیچیدہ امراض کی تشخیص میں تاخیر کم ہوگی اور غریب مریضوں کو مہنگے نجی اسپتالوں سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔
جناح اسپتال کے شعبہ گیسٹروانٹرولوجی کی سربراہ اور ورلڈ گیسٹروانٹرولوجی آرگنائزیشن کی اینڈوسکوپی کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر نازش بٹ نے کہا کہ اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ کی دستیابی جناح اسپتال میں معدے اور نظام انہضام کے امراض کی تشخیص اور علاج کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ بعض اوقات روایتی اینڈوسکوپی، الٹراساؤنڈ اور دیگر تشخیصی ٹیسٹوں کے ذریعے کسی رسولی یا غیر معمولی تبدیلی کی مکمل نوعیت معلوم نہیں ہوپاتی، تاہم اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے متاثرہ حصے کا تفصیلی معائنہ اور انتہائی درستگی کے ساتھ بایوپسی کی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر نازش بٹ کے مطابق یہ ٹیکنالوجی خصوصاً لبلبے کی رسولیوں، معدے اور آنتوں کے کینسر، مشتبہ لمف نوڈز اور نظام انہضام کے دیگر پیچیدہ امراض میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے جبکہ اس کے ذریعے حاصل کیے گئے ٹشو کے نمونوں سے کینسر کی نوعیت اور بعض صورتوں میں اس کے پھیلاؤ کا اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے جس کی بنیاد پر ماہرین مریض کے لیے مناسب علاج کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال میں کراچی کے علاوہ سندھ کے دور دراز اضلاع اور بلوچستان سے بھی بڑی تعداد میں ایسے مریض آتے ہیں جو مہنگے تشخیصی ٹیسٹ اور علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے، اس لیے جدید مشین کی دستیابی سے ان مریضوں کو سرکاری شعبے میں معیاری تشخیصی سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے گیٹز فارما کے ایگزیکٹو چیئرمین خالد محمود کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شعبہ گیسٹروانٹرولوجی کی درخواست پر فوری توجہ دی اور مہنگی درآمدی مشین کی فراہمی ممکن بنائی۔
اس موقع پر گیٹز فارما کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ذیشان احمد نے کہا کہ کمپنی صحت کی بنیادی اور جدید سہولتوں تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھتی ہے اور جناح اسپتال کے ماہرین کی جانب سے غریب مریضوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیے جانے کے بعد کمپنی نے جدید اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ مشین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق مریض اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں۔
تقریب میں معروف ماہر امراض معدہ و جگر پروفیسر لبنیٰ کمانی، پروفیسر امان اللہ عباسی، جناح اسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کی سربراہ پروفیسر شائستہ شوکت اور گیٹز فارما کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔















