
صحت
وفاقی وزیر صحت کا ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کی ضرورت پر زور
وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے پاکستان کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے آبادی میں تیز رفتار اضافے پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آج کراچی یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی میں سالانہ سڑسٹھ لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے، جس سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور بے روزگاری، بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ، غذائی قلت اور دورانِ زچگی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے صحت کے شعبے میں اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ توجہ بیماریوں کے علاج کے بجائے ان کی روک تھام پر مرکوز کی جانی چاہیے۔
انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات، خصوصا تعلیمی اداروں اور صنعتوں سے اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے نظامِ صحت میں جامع اصلاحات ناگزیر ہیں۔














