
پاکستان سمیت دنیا بھر میں 6 نومبر یوم شہدائے جموں منایا جا ئیگا۔ عبدالصمد انقلابی
لاکھوں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا ئیگا
پاکستان ،آزاد کشمیر ، مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 6 نومبر یوم شہدائے جموں اس تجدید عہد کے ساتھ منائیں گے کہ حق خودارادیت کے حصول تک شہدا کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ و مجاہد ملت اور اسیرِزندان پیر عبدالصمد انقلابی رہنمائوں نے سرینگر میں جاری اپنے بیان میں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
سینئر حریت رہنما و مجاہد ملت اور اسیرِزندان پیر عبدالصمد انقلابی نے 6 نومبر 1947 کے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام آزادی کے حصول تک بھارتی قبضے کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوامِ متحدہ کی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کیا۔ سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کے خاتمے اورحق خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام اپنی مزاحمت ہر محاذ پر جاری رکھیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ پوری قوم 6نومبر 1947کے عظیم شہدائے کرام کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہیں اس وقت کے بھارتی حکمرانوں کی شہ پر ڈوگرہ فوج اورہندو انتہا پسند تنظیموں کے جتھوں نے مل کر قتل کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت چار لاکھ مسلمانوں کا قتل عام کیا اور لاکھوں خاندانوں کو ریاست سے ہجرت کرنے پر مجبور کیا جس کی وجہ سے جموں خطے کی مسلم اکثریت اقلیت میں تبدیل ہو گئی تھی۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارتی فوج آزادی، حقوق اور انصاف مانگنے کی پاداش میں 1989 کے بعد اب تک سوا لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کیخلاف بھرپور مزاحمت کر رہے ہیں جو تا حصول آزادی جاری رہے گی۔
سینئر حریت رہنما و مجاہد ملت اور اسیرِزندان پیر عبدالصمد انقلابی نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کاایک ایسا حل چاہتی ہے جس میں کشمیری عوام کی مرضی و منشا شامل ہو ۔ حریت کانفرنس اقوامِ متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت جبرواستبداد سے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، آسیہ اندرابی، محمد قاسم فکتو، ایاز اکبر، میاں عبدالقیوم، زاہد علی اور ڈاکٹر حمید فیاض سمیت بھارت کی جیلوں میں نظربند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔














