
اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں، وزارتِ اطلاعات
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی سڑک کو بند نہیں کیا گیا۔
وزارتِ اطلاعات کے فیکٹ چیک کے مطابق شہریوں کی جان و مال اور قانونی نقل و حرکت کے تحفظ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں احتیاطی طور پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔
وزارت کے مطابق یہ حفاظتی اقدامات ماضی میں متعلقہ جماعت کی جانب سے اختیار کیے گئے پُرتشدد طرزِ عمل کے پیش نظر عوامی بنیادی ڈھانچے اور حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے کیے گئے ہیں۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ الجزیرہ نے ان اقدامات کو یک طرفہ طور پر ’’سڑکوں کی بندش‘‘ کے طور پر پیش کیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تمام سڑکیں کھلی ہیں اور یہ اقدامات ریاست کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری اور عدالتی و سکیورٹی تناظر میں کیے گئے ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی رپورٹنگ حقائق کو نظر انداز کرکے گمراہ کن اور منفی تاثر پیدا کرتی ہے۔ وزارت کے مطابق غلط بیانی اور پروپیگنڈا حقائق کا متبادل نہیں ہو سکتے۔















