
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی آزاد کشمیر کی قیادت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی عمل تیز کرنے، مقامی تجارت کے فروغ، سیاحت کے شعبے کو مضبوط بنانے اور اہم شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، صحت اور تعلیم کے اداروں کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کی خصوصی معاونت کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اعتماد ظاہر کیا کہ آزاد کشمیر کی قیادت عوامی امنگوں کی تکمیل کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون اور علاقے کے عوام کی سماجی و معاشی بہتری کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے۔















