
سنگاپور کے وزیر خارجہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات
سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں شخصیات نے علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں مسلسل رابطوں اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور تعمیری روابط کو علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔















