
مودی حکومت حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو مسلسل نظر بند رکھ کر انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے
حریت رہنما عبدالمجید لون
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں و کشمیر کے نمائندے عبدالمجید لون نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں حریت رہنماؤں، کارکنوں اور کشمیری نوجوانوں کو مسلسل جیلوں اور عقوبت خانوں میں رکھ کر بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
عبدالمجید لون نے اسلام اباد سے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر قتل اور گرفتار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے نو آبادیاتی ہتھکنڈوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
عبدالمجید لون نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر قاسم فکتو٬ ڈاکٹر شفیع شریعتی٬ نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، عبدالصمد انقلابی٬ مشتاق الاسلام٬ ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، بلال صدیقی، اور دیگر کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیکر انکی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
عبدالمجید لون نے کہا کہ بھارت کے بدترین مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔












