بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

آزاد کشمیر اسمبلی میں امن و امان اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے امن و امان اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔

قرارداد میں تحریکِ آزادی کشمیر میں پونچھ کے عوام کی تاریخی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ شہریوں کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اسمبلی نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

نئی منتخب اسمبلی نے موجودہ انتظامی ڈھانچے کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

قرارداد میں پُرامن احتجاج، سیاسی سرگرمیوں اور آزادیٔ اظہار کو ہر شہری کا بنیادی حق قرار دیا گیا، تاہم کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح گروہوں کی پُرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

اسمبلی نے راولاکوٹ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صحت، تعلیم اور خوراک کی فراہمی تک شہریوں کی رسائی متاثر ہوئی ہے۔

قرارداد کے مطابق 6 جون سے اب تک مختلف واقعات میں 34 اہلکار شہید جبکہ 248 زخمی ہوئے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت نے عوام کے متعدد مطالبات تسلیم کرکے ان پر عمل درآمد کیا اور سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائی۔ اس کے علاوہ انتخابات میں شرکت کی پیشکش بھی کی گئی، تاہم کالعدم کمیٹی کی قیادت نے یہ تجاویز مسترد کر دیں۔

آئینی معاملات پر سپریم کورٹ سے رائے لینے کی پیشکش بھی مسترد کیے جانے کا ذکر کیا گیا۔

اسمبلی نے واضح کیا کہ کسی مسلح گروہ کو زبردستی سڑکیں بند کرنے کا حق حاصل نہیں۔ قرارداد میں سڑکیں فوری طور پر کھولنے اور شہریوں کو بلاخوف اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

قرارداد میں مسلح گروہوں کو ختم کرنے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button