
یومِ عاشور آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے
اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام کی دسویں تاریخ، یومِ عاشور، آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اُن کے جان نثار رفقا کی میدانِ کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
یومِ عاشور کے موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں، جبکہ علمائے کرام اور ذاکرین اپنے خطابات میں حضرت امام حسینؓ کی سیرت، تعلیمات اور سانحۂ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
شہدائے کربلا کی یاد میں علم، تعزیے اور ذوالجناح کے جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں تاکہ اسلام کی سربلندی کے لیے دی گئی اُن کی بے مثال قربانی کو اجاگر کیا جا سکے۔
محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔















