
صدر مملکت اور وزیراعظم کی یومِ عاشور پر اتحاد و ہم آہنگی کے فروغ کی اپیل
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر پوری قوم، بالخصوص علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عاشورہ کے حقیقی پیغام کو اجاگر کریں اور فرقہ وارانہ احترام، رواداری اور قومی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
یومِ عاشور کے حوالے سے اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک ابدی پیغام اور انسانیت کے لیے رہنمائی کا زندہ سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی ہمیں حق، انصاف، صبر اور استقامت کا درس دیتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور فکر انگیز دن ہے، جو انسانیت کو ایمان، صبر، ثابت قدمی، ایثار اور قربانی کا بے مثال درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا کہ حق، انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا ظلم، جبر اور باطل کے سامنے سر جھکانے سے کہیں زیادہ عظیم ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم حضرت امام حسینؓ کے پیغامِ حق و انصاف کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے اتحاد، امن اور باہمی احترام کو فروغ دے گی۔















