بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس آج برآمد ہوں گے

شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کوسلام۔ ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس آج برآمد ہوں گے۔مختلف شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور نگرانی کے دیگر جدید نظاموں سے مدد لی جا رہی ہے۔کئی شہروں میں ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا اور موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس اثنا عشریٰ سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کو مکمل بند کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا، جلوس سراج بلڈنگ، اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی کی جانب جائے گا۔

مرکزی جلوس پرانی انارکلی، اے جی آفس اور بابا موج دریا روڈ کے راستے امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچے گا، خیمہ سادات میں مجلس عزا اور نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد جلوس دوبارہ روانہ ہوگا، جلوس خیمہ سادات سے واپس اپنے مقررہ روٹ کے مطابق روانہ ہو کر پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

شہر قائد سے 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جلوس سے قبل صبح 10 بجے نشتر پارک میں خطیبِ پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی مرکزی مجلسِ عزا سے خطاب کریں گے جس کے بعد مرکزی جلوس پاک حیدری اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہوگا۔

جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے شاہنواز بھٹو روڈ، ایم اے جناح روڈ اور مرکزی نمائش چورنگی سے آگے بڑھے گا، اس دوران ایم اے جناح روڈ پر واقع امام بارگاہ علی رضا کے سامنے عزادار نمازِ ظہرین ادا کریں گے، بعد ازاں جلوس کھارادر میں واقع حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کی سی سی ٹی وی کی مدد سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

پشاور میں بھی نویں محرم الحرام کے موقع پر مختلف امام بارگاہوں سے مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جن کیلئے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

نویں محرم الحرام کا پہلا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل سے سہ پہر 4 بجے جبکہ دوسرا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ قمر بنی ہاشم سٹی ریلوے سٹیشن سے سہ پہر 4 بجے برآمد ہوگا، تیسرا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ سائیں زرین امامیہ کالونی گلبہار سے سہ پہر 4 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگا۔

چوتھا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ پتھر والا محلہ ہودہ گنج سے رات 9 بجے جبکہ پانچواں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسین آباد جہانگیر پورہ سے رات 9 بجے برآمد ہوگا۔

چھٹا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ جعفری کوچی بازار سے اور ساتواں جلوس امام بارگاہ آغا سید نجف علی شاہ کوچی بازار سے رات 9 بج کر 30 منٹ پر برآمد ہوگا، آٹھواں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ آغا بہادر علی محلہ جٹاں یکہ توت، 9 واں جلوس امام بارگاہ حاجی ملک رحمن محلہ مروی ہا، دسواں جلوس امام بارگاہ اخوند آباد نو بجوڑی چرچ روڈ سے برآمد ہوگا۔

گیارہواں جلوس امام بارگاہ علمدار کربلا کوچہ رسالدار قصہ خوانی اور بارہواں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ محلہ حسینیہ سٹریٹ ہشت نگری سے رات 10 بجے برآمد ہوگا۔

اسی طرح جلوس علم امام بارگاہ جعفریہ سٹریٹ ہشت نگری، امام بارگاہ آل سادات محلہ باقر شاہ، امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر، امام بارگاہ آغا سید مصطفیٰ شاہ محلہ خداداد اور امام بارگاہ سید میر حیدر شاہ جہانگیر پورہ سے مختلف اوقات میں برآمد ہوں گے۔

کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کا شبیہ ذوالجناح کا امام بارگاہ ناصر العزاء سے برآمد ہوگا،شہر میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہوں سے ملحقہ گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کے روٹ پر آنے والی مارکیٹوں اور دکانوں کو بند کر دیا گیا ہے۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ جلوس کے اوقات میں ٹریفک پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button