
نینا خان مشرقی کو انٹرنیشنل ویمنز لیڈرشپ ایکسیلنس ایوارڈ سے نواز دیا گیا
برطانوی نژاد پاکستانی کاروباری شخصیت اور سماجی کارکن نینا خان مشرقی کو خواتین کے حقوق، انسانی خدمت، سماجی بہبود اور کمیونٹی کی ترقی کے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں برٹش ایشینز ہو پاور 100 ایوارڈز 2026 میں انٹرنیشنل ویمنز لیڈرشپ ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ تقریب سمارا ایونٹس یوکے کے زیرِ اہتمام لندن کے معروف فائیو اسٹار دی ساوائے ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔
نینا خان مشرقی کئی برسوں سے پسماندہ طبقات کی فلاح، خواتین کو سماجی اور معاشی شعبوں میں بااختیار بنانے، انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر فلاحی منصوبوں میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کی خدمات کاروبار، سماجی ترقی، خواتین کی خودمختاری اور خیراتی سرگرمیوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔
ایوارڈ ان کی سماجی منصوبوں کی قیادت، فلاحی سرگرمیوں میں کردار اور بین الاقوامی کمپنیوں، اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں میں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد نینا خان مشرقی نے اسے اپنی زندگی کا ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیتے ہوئے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے شوہر، بچوں اور والدہ کی مسلسل حوصلہ افزائی اور تعاون کو دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ اعزاز فلسطین کے نام کرتی ہیں۔ ان کے مطابق تقریباً دو سال قبل انہوں نے برطانیہ میں 800 افراد پر مشتمل ایک کامیاب فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا، جس میں ایک لاکھ پاؤنڈ سے زائد رقم غزہ اور فلسطین کے لیے جمع کی گئی۔ یہ فنڈز "لمبز فار غزہ” منصوبے کے لیے مختص کیے گئے، جس کا مقصد جنگ کے دوران اعضا سے محروم ہونے والے بچوں کی مدد کرنا تھا۔
نینا خان مشرقی نے اپنے دادا، معروف مفکر علامہ مشرقی کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا ان کا فلسفہ آج بھی ان کے لیے مشعلِ راہ ہے اور وہ اسی مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے اس اعزاز پر سمارا ایونٹس یوکے اور برٹش ایشینز ہو پاور 100 ایوارڈز 2026 کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انہیں مزید سماجی اور فلاحی خدمات انجام دینے کی ترغیب دے گا۔















