
فیبا کی پاکستان میں باسکٹ بال کی ترقی کیلٸے بھرپور تعاون کی پیشکش
باسکٹ بال کی عالمی تنظیم فیبا کے اعلی سطح کے وفد کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، وفاقی حکومت، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے حکام سے ہونیوالی ملاقاتوں میں پاکستان میں باسکٹ بال کے فروغ اور ترقی کیلٸے بھرپور تعاون کرنے کی پیشکش کردی۔ تفصیلات کے مطابق فبا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایشیا ہیگوپ خاجیریان کی قیادت میں وفد نے وفاقی سیکرٹری بین الصوباٸی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈاٸریکٹر جنرل محی الدین وانی، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر بریگیڈٸر ر منصور افتخار، سیکرٹری خالد بشیر، سینٸر ناٸب صدر امتیاز رفیع بٹ، فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اوج ظہور سمیت پاکستان اولمپک ایسوسی کی قیادت سے ملاقاتیں کی جس میں پاکستان میں باسکٹ بال کھیل کے فروغ اور ترقی کیلٸے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر ہیگوپ خاجیریان کا کہنا تھا کہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانا فبا کی حکمتِ عملی کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم قومی فیڈریشن کی حیثیت رکھتا ہے اور فبا پاکستان میں باسکٹ بال کے فروغ کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔پاکستان کی کھیلوں کے اسٹیک ہولڈرز کیساتھ انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی، جس میں پاکستان کو بین الاقوامی باسکٹ بال کے نقشے پر نمایاں مقام دلانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ فبا ریجنل آفس ایشیا نے پاکستان میں باسکٹ بال کی ترقی کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔















